ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) معروف بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے کہا ہے کہ انہیں دنیا بھر میں سفر کے دوران ہر جگہ الزامات اور تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم وہ اب بھی خود کو درست راستے پر سمجھتے ہیں۔
کینیڈا میں اپنے کنسرٹ کے دوران مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں بھی جاتا ہوں، ہر طرف سے مجھ پر الزامات لگائے جاتے ہیں، لیکن اس کے باوجود میرا پیغام صرف محبت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت میں انہیں خالصتان کا حامی قرار دیا جاتا ہے جبکہ بیرونِ ملک بعض حلقے مختلف نوعیت کے الزامات عائد کرتے ہیں جس سے وہ ایک مشکل صورتحال میں گھرے رہتے ہیں۔
اپنے اوورا ورلڈ ٹور کے دوران بڑے بڑے آریناز میں پرفارم کرتے ہوئے دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ وہ مداحوں کیلئے ہر شو کو یادگار بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کنسرٹ کے دوران نوجوانوں کی جانب سے “پنجابی آ گئے اوئے” کے نعروں پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اس جذبے کو روکا نہیں جا سکتا، جب یہ نئی نسل میں منتقل ہو جائے تو یہ ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کیلگری میں کنسرٹ کے دوران خالصتان کے حق میں نعروں اور پرچموں کے باعث انہوں نے شو عارضی طور پر روک دیا تھا۔وینکوور اور کیلگری میں کامیاب پرفارمنس کے بعد وہ شمالی امریکا کے مختلف شہروں میں اپنے ٹور کو جاری رکھیں گے۔
فلمی محاذ پر بھی دلجیت دوسانجھ ہدایتکار امتیاز علی کی فلم واپس آؤنگا میں جلوہ گر ہونگے، جس کی موسیقی اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے،فلم میں نصیرالدین شاہ بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم 12 جون کو ریلیز کی جائیگی۔

