نیو جرسی( فیفا، خبر ایجنسی)جرمنی کی قومی فٹبال ٹیم کے کوچ جولیان ناگلزمان نے فیفا ورلڈ کپ کے شیڈول پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو فائدہ ملنے کے بجائے الٹا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
نیو جرسی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جرمنی کو اپنے اگلے ناک آؤٹ مرحلے کے حریف کا علم میچ سے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت پہلے ہوگا، جس کے باعث تیاری کے لیے مناسب وقت نہیں ملتا۔
جولیان ناگلزمان کا کہنا تھا کہ 48 ٹیموں پر مشتمل نئے فارمیٹ نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، تاہم کوچنگ اسٹاف ممکنہ حریفوں کے خلاف پیشگی حکمت عملی تیار کر رہا ہے۔
جرمنی نے اپنے ابتدائی دو میچوں میں کوراساؤ کو 7-1 سے شکست دی، جبکہ آئیوری کوسٹ کو 2-1 سے ہرا کر گروپ مرحلے سے اگلے مرحلے میں رسائی یقینی بنا لی ہے۔
دوسری جانب ایکواڈور کو ٹورنامنٹ میں اپنی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے جرمنی کے خلاف مثبت نتیجہ درکار ہے۔ ایکواڈور نے اب تک ایک پوائنٹ حاصل کیا ہے، جس میں کوراساؤ کے خلاف بغیر کسی گول کے برابر میچ اور آئیوری کوسٹ کے ہاتھوں ایک صفر سے شکست شامل ہے۔
ایکواڈور کے کوچ سباستیان بیساسیسے نے کہا کہ ان کی ٹیم نے دونوں میچوں میں اچھا کھیل پیش کیا، لیکن گول کرنے کے مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم اب بھی اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

