ہیلی فیکس: منشیات فروش گروہ کے چار ارکان کو قید، ایک کی سزا معطل

ہیلی فیکس (نمائندہ خصوصی)ویسٹ یارکشائر پولیس کی کاؤنٹی لائنز ٹاسک فورس “آپریشن فینکس” کی کامیاب کارروائی کے نتیجے میں ہیلی فیکس میں سرگرم منشیات فروش گروہ کے چار ارکان کو مختلف مدت کی قید کی سزائیں سنادی گئیں، جبکہ ایک ملزم کی سزا معطل کر دی گئی۔

پولیس کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ہیلی فیکس کے علاقے پیلن (Pellon) سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ایک مخصوص ڈرگ لائن کے ذریعے کیلڈرڈیل کے مختلف علاقوں میں کلاس اے منشیات، بالخصوص کوکین، کی سپلائی کے منظم نیٹ ورک میں ملوث تھے۔

تحقیقات کے دوران پانچوں ملزمان کے خلاف کلاس اے منشیات کی فراہمی اور تقسیم کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ابو چوہدری کے سوا دیگر تمام ملزمان کو گرفتاری کے بعد عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا تھا، جبکہ بعد ازاں پانچوں ملزمان نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔

بریڈفورڈ کراؤن کورٹ نے 3 جولائی کو مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے 27 سالہ ارباز علی کو 7 سال، ایک ماہ اور 25 دن قید، 28 سالہ سِمران علی کو 6 سال 9 ماہ قید، جبکہ 26 سالہ بلاول علی اور 44 سالہ عاطف حسین کو تین، تین سال اور تین ماہ قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے 26 سالہ ابو چوہدری کو بھی 24 ماہ قید کی سزا سنائی، تاہم اس سزا کو 18 ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا۔

ویسٹ یارکشائر پولیس کا کہنا ہے کہ کاؤنٹی لائنز کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ اور سپلائی میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی تاکہ منشیات کے نیٹ ورکس کا خاتمہ، جرائم کی روک تھام اور مقامی آبادی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ پولیس نے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں نوجوانوں کو منشیات کے کاروبار میں استعمال ہونے سے بچانے اور کمیونٹیز کو محفوظ بنانے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہیں۔