ہیملٹن کی میئر اینڈریا ہورتھ کا سابق ساتھی کے ساتھ بدسلوکی پر مبنی تعلق کا انکشاف

ہیملٹن (نمائندہ خصوصی) ہیملٹن کی میئر اینڈریا ہورتھ نے ایک کھلے خط میں انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک بدسلوکی پر مبنی تعلق سے الگ ہوچکی ہیں۔ جمعہ کو ہورتھ نے ہیملٹن کی میئر کے طور پر دوبارہ انتخاب لڑنے کیلئےباضابطہ طور پر کاغذات جمع کرائے۔ اسی ہفتے جاری کیے گئے کھلے خط میں انہوں نے کہا کہ وہ خاموش رہتے رہتے تھک چکی ہیں اور چاہتی ہیں کہ بدسلوکی کا سامنا کرنے والے ہر فرد کو معلوم ہو کہ تحفظ کا انتخاب کرنے، حدود مقرر کرنے اور مناسب وقت پر سچ بیان کرنے میں کوئی شرم نہیں۔

ہورتھ نے اپنے خط میں سابق ساتھی کا نام نہیں لیا، تاہم مختلف مقامی ذرائع کے مطابق ان کے سابق 25 سالہ مشترکہ قانونی ازدواجی ساتھی بین لیونٹی ہیں، جن سے ان کا تعلق 2010 میں ختم ہوا تھا۔ لیونٹی اس وقت ہورتھ کی ملکیت ایک جائیداد میں رہتے ہیں اور دونوں کے درمیان اس مکان سے متعلق طویل قانونی تنازع بھی جاری ہے۔

ہورتھ نے کہا کہ مجرمانہ ہراسانی کے الزامات اور عدم رابطے کے حکم کے بعد انہوں نے سابق ساتھی سے فاصلہ اختیار کیا۔ ان کے مطابق اس بارے میں بات کرنا تکلیف دہ اور خوفناک ہے، تاہم وہ اب دوسروں سے شرمندگی اور بدنامی کا خوف ترک کرنے کی بات کرتے ہوئے خود خاموش نہیں رہنا چاہتیں۔

ہورتھ اور لیونٹی کے درمیان جائیداد کا تنازع بھی کئی ماہ سے عوامی توجہ کا مرکز ہے۔ شہر نے ہورتھ کی ملکیت واقع ویسٹ ایونیو نارتھ کے مکان میں وسیع مرمت کا حکم دیا تھا، جبکہ ہورتھ اپنے سابق ساتھی کو مکان سے نکلوانے کے لیے عدالت سے بھی رجوع کرچکی ہیں۔

میک ماسٹر یونیورسٹی کی ماہرِ تشددِ خانگی میلیسا کمبر نے ہورتھ کے سامنے آنے کو جرات مندانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین اکثر اس خوف سے خاموش رہتے ہیں کہ لوگ ان کے تجربات پر یقین نہیں کریں گے یا انہیں ہی مورد الزام ٹھہرایا جائے گا۔

وائی ڈبلیو سی اے ہیملٹن کی چیف ایگزیکٹو میڈورا اپل نے بھی ہورتھ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی خاتون، خصوصاً ایک منتخب میئر، کے لیے اپنا تجربہ بیان کرنا ہمت کا کام ہے۔

ماہرین کے مطابق بدسلوکی پر مبنی تعلق ختم ہونے کے بعد بھی خوف اور ہراسانی کا اثر طویل عرصے تک برقرار رہ سکتا ہے، جبکہ بااثر شخصیات کا اپنے تجربات بیان کرنا دوسرے متاثرین کو یہ احساس دلا سکتا ہے کہ وہ اکیلے نہیں ہیں۔

ہورتھ 2022ء کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد سے ہیملٹن کی میئر ہیں اور رواں ہفتے اکتوبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں دوبارہ امیدوار بننے کا اعلان بھی کرچکی ہیں۔