ینبع کے تحفظ کیلئے سعودی عرب کو فوج، ریڈار اور دفاعی نظام دیں گے: میکرون

پیرس (رائٹرز، اے ایف پی، الجزیرہ) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا ہے کہ فرانس سعودی عرب کے بحیرۂ احمر کے ساحلی شہر ینبع کے تحفظ کے لیے فوجی دستے، ریڈار اور دفاعی نظام بھیجے گا۔

میکرون نے ٹی ایف ون اور فرانس 2 کو انٹرویو میں کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت مکمل ہوچکی ہے، فرانس فوجی وسائل، جن میں فوجی اہلکار، ریڈار نظام اور دفاعی نظام شامل ہیں، ینبع کے تحفظ کے لیے بھیجے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کسی تنازع میں شامل ہونا نہیں بلکہ اہم تنصیب کا تحفظ کرنا ہے۔

فرانسیسی صدر کے مطابق ینبع توانائی کی ترسیل کے حوالے سے اہم حیثیت رکھتا ہے اور سعودی عرب کے تیل کی برآمد کے لیے بحیرۂ احمر کا اہم راستہ ہے۔

رائٹرز کے مطابق یمن کے حوثیوں کے حملوں کے باعث ینبع سے سعودی تیل کی برآمد کے متبادل راستے کو خطرات لاحق ہوئے ہیں۔ حوثیوں نے ینبع میں سعودی آرامکو کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے، تاہم نقصانات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔

دوسری جانب رائٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ ینبع کے وسیع علاقے میں یونانی فوج کے زیرانتظام فضائی دفاعی نظام نے ایک بیلسٹک میزائل اور ایک ڈرون کو بھی مار گرایا۔