یورپ میں پی ٹی آئی کے احتجاج، عمران خان اور رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ

لندن(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریکِ انصاف کی یورپی ممالک میں قائم تنظیموں کی جانب سے عمران خان سمیت پارٹی رہنماؤں کی فوری رہائی اور سیاسی کارکنوں کو انصاف کی فراہمی کے مطالبے کے حق میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مظاہرین نے یورپی حکومتوں، عوام اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی سیاسی صورتِ حال کا نوٹس لیتے ہوئے انسانی حقوق، آئین اور قانون کی پاسداری کے لیے کردار ادا کیا جائے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک میں پاکستانی سفارت خانے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی آواز پاکستان کے حکام، عدلیہ اور متعلقہ اداروں تک پہنچائیں۔ ان کے مطابق پاکستان میں انصاف کے دروازے بند ہونے کے باعث وہ سفارت خانوں کے سامنے احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر تحریکِ انصاف فرانس کے عہدیداروں، خواتین، بچوں، کارکنوں اور دیگر رہنماؤں نے کئی گھنٹے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے عمران خان اور تحریکِ انصاف کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے انصاف فراہم کرنے، ظلم و ستم بند کرنے، سیاسی مخالفین کو جینے کا حق دینے اور آئین و قانون کی پاسداری کے مطالبات کیے۔

مظاہرین نے یورپی حکومتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے پاکستان میں سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کی صورتِ حال کا جائزہ لینے اور انسانی حقوق و جمہوری اصولوں کی پاسداری کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

اسپین کے شہر بارسلونا سمیت یورپ کے دیگر شہروں میں بھی تحریکِ انصاف کی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین کے مطابق احتجاج کا مقصد یورپی عوام اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی توجہ پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتِ حال اور ان کے مطالبات کی جانب مبذول کروانا تھا۔

پیرس اور بارسلونا میں مظاہروں کے دوران مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے احتجاج دیکھا اور مظاہرین سے ان کے مطالبات اور احتجاج کی وجوہات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔