بیلجیم(نامہ نگار) سفارتخانہ پاکستان برسلز میں یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف کمیونٹی رہنماؤں، صحافیوں اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان کے سفیر برائے بیلجیم و یورپی یونین رحیم حیات قریشی نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی آزادی ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی وطنِ عزیز کے حقیقی سفیر ہیں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئےان کا کردار اہم ہے۔
تقریب میں عمران ثاقب صدر پریس کلب بیلجیم اور فہیم نبی اسپیشل نمائندہ جنگ نیوز کینیڈا نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ دونوں مقررین نے کہا کہ میڈیا پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور نئی نسل کو اپنی ثقافت سے جوڑے رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اس موقع پر صغیر انور (پریس منسٹر) اورجنگ نیوز کینیڈاکے چیف ایگزیکٹوآفیسر اشرف خان لودھی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ آزادی کی قدر اسی وقت سمجھ میں آتی ہے جب ہم اپنی تاریخ اور شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھیں۔
تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ پیش کیا گیا اور کیک کاٹا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئےمتحد رہیں گے۔

