حمزہ شہباز اور مریم نواز کی گفتگو لیک کرنیوالوں کیخلاف کورٹ جا رہے ہیں: عظمیٰ بخاری

مریم نواز سب سے زیادہ منصوبے شروع اور مکمل کرنے والی وزیر اعلیٰ ہیں، پنجاب کے منصوبے
شفافیت کی علامت، مخالفین کے کلرکوں سے بھی اربوں نکلتے ہیں: وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری

10 ارب سیلاب متاثرین میں تقسیم، کسانوں کو 100 ارب کی فراہمی، پنجاب فلاحی ماڈل بن چکا
ستھرا پنجاب، الیکٹرک بسیں، کسان کارڈ، اور اپنی چھت پروگرام، مریم نواز کے ویژن کی
جیتی جاگتی مثالیں ہیں: الحمراء میں پریس کانفرنس

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کی تاریخ کی سب سے زیادہ منصوبے شروع اور مکمل کرنے والی وزیر اعلیٰ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تمام منصوبے شفافیت، میرٹ اور عوامی خدمت کا مظہر ہیں،جن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں۔عظمٰی بخاری نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے صرف وعدے کیے، پی ٹی آئی نے پچاس لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کے دعوے کیے مگر عملی طور پر ایک بھی وعدہ پورا نہ کر سکی۔

اس کے برعکس، پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین میں 10 ارب روپے کی خطیر رقم تقسیم کی جبکہ کسان کارڈ پروگرام کے تحت 10 لاکھ سے زائد کسانوں میں 100 ارب روپے تقسیم کیے گئے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے 16 فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق عوام کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام جان سکیں کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ کہاں لگ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کلچر ختم ہو چکا ہے، اب نہ ڈی سی اور اے سی کا ریٹ نکلتا ہے نہ کسی دفتر کا کمیشن۔

بیوروکریسی کی کارکردگی KPIs کے تحت مانیٹر کی جا رہی ہے تاکہ عوامی خدمت میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ عظمٰی بخاری نے بتایا کہ پنجاب میں ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کے تحت ایک لاکھ 40 ہزار ورکرز اور دو ہزار افسران صفائی کے نظام میں مصروف ہیں۔ اب تک 94 لاکھ ٹن سے زائد ویسٹ ٹھکانے لگایا جا چکا ہے، جو تاریخ کا سب سے بڑا صفائی پروگرام ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کا فیز ٹو شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 200 نئی بسیں فراہم ہوں گی، جبکہ دسمبر تک 1100 الیکٹرک بسیں 42 شہروں میں چلائی جائیں گی۔

وزیر اطلاعات نے اپنا گھر اپنی چھت پروگرام کو مریم نواز کا فخر قرار دیا اور بتایا کہ 1 لاکھ 4 ہزار 800 خاندانوں کو قرضے دیے جا چکے ہیں، 30 ہزار گھر مکمل ہو چکے اور 90 فیصد تعمیرات آخری مراحل میں ہیں۔عظمٰی بخاری نے کینسر اور امراضِ قلب کے مریضوں کیلئے ادویات گھروں تک پہنچانے کے پروگرام، چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام میں 7 ہزار بچوں کی کامیاب سرجری، اور سرگودھا میں کارڈیالوجی ہسپتال کے تکمیل کے قریب ہونے کو حکومت پنجاب کی فلاحی ترجیحات کا عکاس قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ اب سرکاری ہسپتالوں میں ضروری نہیں، علاج مکمل طور پر فری ہے جبکہ کینسر ہسپتال اگلے ماہ مکمل ہو کر ایمرجنسی خدمات کا آغاز کریگا۔

عظمٰی بخاری نے بتایا کہ بلاسود ای بائیکس سکیم کے تحت 27 ہزار طلبہ و طالبات کو بائیکس فراہم کی جا چکی ہیں، جن میں 8200 الیکٹرک بائیکس طالبات کے پاس ہیں، جبکہ یتیم بچوں کیلئے خصوصی ای بائیکس سکیم مریم نواز نے متعارف کروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاش کوئی ایسی عینک بن جائے جو کے پی کے حکمرانوں کو محرومیاں، خراب سڑکیں، خالی اسکول اور بگڑتی امن و امان کی صورتحال دکھا سکے، اگر ایسی عینک بنانے میں مدد چاہیے تو پنجاب حکومت تیار ہے۔وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ حمزہ شہباز اور مریم نواز کی نجی گفتگو لیک کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ”ہم ڈیفیمیشن کورٹ جا رہے ہیں، اگر عدالت نے سزا نہ دی تو 30 لاکھ روپے کا جرمانہ ضرور دینا پڑیگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں