آئرن مین ٹیکساس مقابلے میں برازیلین ایتھلیٹ مارا فلاویا ڈوب کر ہلاک

ٹیکساس (رائٹرز، اے ایف پی، بی بی سی)امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ووڈ لینڈز میں ہونے والے آئرن مین ٹرائی ایتھلون مقابلے کے دوران برازیل سے تعلق رکھنے والی ایتھلیٹ مارا فلاویا اراوجو ڈوب کر ہلاک ہوگئیں، مقامی حکام نے واقعے کی تصدیق کر دی۔

حکام کے مطابق 38 سالہ ایتھلیٹ ریس کے ابتدائی مرحلے یعنی اوپن واٹر سوئمنگ کے دوران لاپتا ہوگئیں، جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں کو اطلاع دی گئی اور فوری تلاش کا عمل شروع کیا گیا، تاہم بعد ازاں ان کی لاش جھیل ووڈ لینڈز سے برآمد کر لی گئی۔

مونٹگمری کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں موت کی وجہ ڈوبنا قرار دی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔رپورٹس کے مطابق کم حدِ نگاہ اور پانی کے حالات کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں، جس کی وجہ سے تلاش میں تاخیر ہوئی۔

آئرن مین ٹیکساس مقابلہ دنیا کے مشکل ترین برداشت کے مقابلوں میں شمار ہوتا ہے، جس کا آغاز 2.4 میل تیراکی سے ہوتا ہے، اس کے بعد 112 میل سائیکلنگ اور مکمل میراتھن شامل ہوتی ہے۔منتظمین نےبیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں اور ریسکیو اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

یہ واقعہ طویل فاصلے کی ٹرائی ایتھلون ریسز کے سوئمنگ مرحلے سے جڑے خطرات کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے، جہاں کھلے پانی، رش اور کم حدِ نگاہ جیسے عوامل حادثات کا سبب بن سکتے ہیں، یاد رہے کہ 2017 میں بھی اسی ریس کے سوئمنگ مرحلے کے دوران ایک اور ہلاکت پیش آئی تھی۔

مارا فلاویا اراوجو برازیل میں فٹنس انفلوئنسر کے طور پر بھی جانی جاتی تھیں اور سوشل میڈیا پر ان کے 60 ہزار سے زائد فالوورز تھے، وہ اپنی ٹریننگ اور مقابلوں کی ویڈیوز شیئر کرتی تھیں اور ٹرائی ایتھلون کمیونٹی میں ایک نمایاں شخصیت سمجھی جاتی تھیں۔