آئی جی خیبر پختونخوا نے افسران کو اسلام آباد مارچ میں سہولت دینے سے روک دیا

پشاور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس افسران کو اسلام آباد کی جانب مارچ، ریلی یا جلوس میں کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنے سے روک دیا۔

آئی جی خیبر پختونخوا نے ہدایت کی ہے کہ کسی افسر کو مارچ، ریلی یا جلوس میں سہولت فراہم کرنے سے متعلق ہدایت موصول ہو تو فوری طور پر آئی جی پولیس کو اطلاع دی جائے۔

ذوالفقار حمید نے واضح کیا کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کسی مارچ، ریلی یا جلوس کو سہولت فراہم کرنے والے پولیس افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اس سے قبل چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا بھی سرکاری افسران کو اسلام آباد جانے والے مارچ، ریلی یا جلوس میں کسی قسم کی مدد یا سہولت فراہم کرنے سے روک چکے ہیں۔ انہوں نے خلاف ورزی کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی تھی جبکہ سرکاری وسائل اور فنڈز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے حالیہ فیصلے میں قرار دیا تھا کہ کسی سیاسی جماعت یا صوبائی حکومت کو اسلام آباد کی جانب جانے والی شاہراہیں بند کرنے اور شہریوں کی نقل و حرکت متاثر کرنے کا حق حاصل نہیں۔ عدالت نے سیاسی احتجاج کے آئینی حق کے ساتھ شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ پر بھی زور دیا تھا۔