آزاد کشمیر الیکشن: دوسرے مرحلے کے غیر سرکاری نتائج، مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری

مظفرآباد(نمائندگان+ خبر ایجنسیاں) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 8 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے، جن کے مطابق اب تک مجموعی طور پر مسلم لیگ (ن) 11 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے۔

مظفرآباد ڈویژن کی 8 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، جسے بعض علاقوں میں ایک گھنٹے کیلئےبڑھایا گیا، جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ مقررہ وقت شام 5 بجے ختم ہوئی۔

اب تک موصول ہونے والے مکمل غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایل اے 25 نیلم ویلی 1 سے مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر، ایل اے 30 مظفرآباد 4 سے مصطفیٰ بشیر عباسی کامیاب ہوئے، جبکہ ایل اے 29 مظفرآباد 3 اور ایل اے 33 مظفرآباد 7 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار مختار خان اور دیوان علی خان قمر چغتائی نے کامیابی حاصل کی۔

مہاجرین کی نشستوں میں مسلم لیگ (ن) نے ایل اے 35 جموں 2، ایل اے 36 جموں 3، ایل اے 37 جموں 4، ایل اے 38 جموں 5، ایل اے 39 جموں 6، ایل اے 41 کشمیر ویلی 2، ایل اے 42 کشمیر ویلی 3، ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 اور ایل اے 44 کشمیر ویلی 5 میں کامیابی حاصل کی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی ایل اے 40 کشمیر ویلی 1 اور ایل اے 45 کشمیر ویلی 6 میں کامیاب رہی۔

دوسری جانب ایل اے 26 نیلم ویلی 2، ایل اے 28 مظفرآباد 2، ایل اے 31 مظفرآباد 5، ایل اے 32 مظفرآباد 6 اور ایل اے 34 جموں 1 سمیت چند نشستوں پر ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور غیر حتمی نتائج موصول ہو رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، تاہم خراب موسم کے باعث حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد میں تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ملتوی کر دی گئی۔

مہاجرین کی 12 نشستوں کے لیے کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں قائم پولنگ اسٹیشنز پر بھی ووٹنگ ہوئی، جہاں جموں اور کشمیر ویلی کی 6، 6 نشستوں کے لیے کشمیری مہاجرین نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی نتائج تمام ریٹرننگ افسران کی جانب سے سرکاری طور پر جاری کیے جائیں گے۔