آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین کی نشستوں سے متعلق قرارداد منظور

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے لیے مختص 12 نشستوں سے متعلق ایک قرارداد منظور کر لی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کشمیری مہاجرین کی نمائندگی ایک تاریخی اور آئینی حقیقت ہے، تاہم انتخابی نظام میں موجود پیچیدگیوں کو دور کرنے اور اسے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے قابلِ قبول بنانے کے لیے ضروری اصلاحات کی جا سکتی ہیں۔

متن کے مطابق آئینی و انتخابی اصلاحات عوام کے منتخب نمائندوں کا خصوصی اختیار اور مینڈیٹ ہیں، اور اس معاملے کو قانون ساز اسمبلی کے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے آگے بڑھایا جانا چاہیے۔

قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اصلاحات کیلئےایک جامع مشاورتی عمل شروع کیا جائے جس میں سیاسی جماعتوں، بار ایسوسی ایشنز، بار کونسل، سول سوسائٹی اور آئینی ماہرین کو شامل کیا جائے تاکہ ایک متفقہ حل سامنے آ سکے۔