زیورخ( بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں ارجنٹینا اور مصر کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز میچ کے بعد فرانسیسی ریفری فرانسوا لیٹیکسیئر کی کارکردگی تنازع کا شکار ہو گئی ہے، جس پر فیفا نے ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
مصری فٹبال فیڈریشن نے میچ میں متنازع ریفری فیصلوں کے خلاف فیفا میں باضابطہ احتجاج جمع کراتے ہوئے تحقیقات اور متعلقہ آفیشلز کو ٹورنامنٹ کے باقی میچز سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
میچ میں مصر نے ابتدا میں 2-0 کی برتری حاصل کی تھی، تاہم ارجنٹینا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 3-2 سے کامیابی حاصل کر لی۔مصری فٹبال فیڈریشن کا مؤقف ہے کہ وی اے آر جائزے کے بعد ان کا ایک گول مسترد کیا گیا، جبکہ ارجنٹینا کے فیصلہ کن گول سے قبل پنالٹی کی اپیل کو بھی نظر انداز کیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فیفا کے ریفریز شعبے کے حکام ریفری فرانسوا لیٹیکسیئر کی کارکردگی، میچ رپورٹ اور ویڈیو فوٹیج کا تفصیلی جائزہ لیں گے، جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ وہ ٹورنامنٹ میں مزید میچز میں فرائض انجام دیں گے یا نہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کسی رکن ملک یا قومی فٹبال ایسوسی ایشن کو ریفری کی تقرری یا تبدیلی پر ویٹو کا اختیار حاصل نہیں، کیونکہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ صرف فیفا ریفریز کمیٹی کرتی ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی ورلڈ کپ کے دوران ریفریز کے فیصلوں پر اعتراضات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم کسی ٹیم کے احتجاج کی بنیاد پر کسی ریفری کو باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ سے خارج نہیں کیا گیا۔

