ارجنٹینا نے آسٹریا کو شکست دے کر راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنا لی،میسی کے 2 گولز

آرلنگٹن، ٹیکساس( فیفا، اے ایف پی، رائٹرز)ارجنٹینا قومی فٹبال ٹیم نے اپنے کپتان لیونل میسی کے دو گولز کی بدولت آسٹریا کو 0-2 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنا لی۔

امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں واقع اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 70 ہزار سے زائد شائقین موجود تھے۔ میسی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں گول اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچا دیا۔

میچ کے آٹھویں منٹ میں ارجنٹینا کو پنالٹی ملی تاہم میسی اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ بعد ازاں 38ویں منٹ میں انہوں نے ایک خوبصورت پاس کو ون ٹچ شاٹ کے ذریعے گول میں تبدیل کر دیا۔ یہ ورلڈ کپ میں ان کا 17واں گول تھا، جس کے ساتھ انہوں نے جرمنی کے سابق اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کا 16 گولز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

میسی نے انجری ٹائم میں ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنائی اور ارجنٹینا کو دو صفر کی کامیابی دلائی۔39ویں سالگرہ کے قریب پہنچنے والے لیونل میسی نے اس شاندار کارکردگی کے ذریعے نہ صرف ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچایا بلکہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنیوالے کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔