اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی کابینہ میں توسیع اور رد و بدل کیلئے متعدد نئے نام زیر غور ہیں، جبکہ بعض وزارتوں کو ضم کرنے اور کمزور کارکردگی دکھانے والے وزراء سے قلمدان واپس لیے جانے کا بھی امکان ہے۔ تاہم حکومت کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں شمولیت کے لیے رانا ادارت شریف، وجیہہ قمر، علی زاہد اور رانا احسان افضل کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اختیار ولی، نوشین افتخار، عبدالرحمان کانجو، شمائلہ رانا، فیصل سبزواری، مختار ملک اور آمنہ بتول کی کابینہ میں شمولیت بھی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سینیٹر شاہ زیب درانی، سینیٹر افنان اللہ اور سینیٹر بشریٰ انجم کو بھی ذمہ داریاں دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ نئے شامل ہونے والے بیشتر ارکان کو وزیرِ مملکت کا عہدہ دیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ قومی خزانے پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے بعض وزارتوں کو ضم کرنے کی تجویز پر بھی غور جاری ہے، جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے والے بعض وفاقی وزراء سے قلمدان واپس لیے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کابینہ میں ممکنہ رد و بدل سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، تاہم اس سلسلے میں سرکاری سطح پر ابھی تک کوئی باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔

