اسلام آباد آنیوالی اماراتی پرواز فنی خرابی کے باعث مسقط سے واپس دبئی موڑ دی گئی

دبئی(نمائندہ خصوصی)دبئی سے اسلام آباد آنے والی اماراتی ایئرلائن کی پرواز کو دورانِ پرواز فنی خرابی پیدا ہونے پر مسقط کے قریب سے واپس دبئی موڑ دیا گیا، جہاں طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اماراتی پرواز ای کے 614 معمول کے مطابق دبئی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئی تھی، تاہم روانگی کے تقریباً 35 منٹ بعد خلیجِ عمان (گلف آف عمان) کے اوپر پرواز کے دوران طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کی ہدایت پر پائلٹ نے احتیاطی اقدام کے طور پر طیارے کا رخ واپس دبئی کی جانب موڑ دیا۔بوئنگ 777 طیارے نے روانگی کے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی، جہاں اسے تکنیکی معائنے کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق متاثرہ پرواز کے مسافروں کو بعد ازاں دوسرے طیارے کے ذریعے اسلام آباد روانہ کیا گیا۔ادھر اسلام آباد سے دبئی جانے والی واپسی کی اماراتی پرواز ای کے 615 بھی اس فنی خرابی کے باعث تقریباً 6 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔