اسلام آباد: مالی فراڈ کی شکار نابینا خاتون کو ایک کروڑ 92 لاکھ روپے واپس

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بینک مینجر کے مالی فراڈ کا شکار ہونے والی نابینا خاتون درخشاں مرزا کو ایک کروڑ 92 لاکھ روپے کی رقم واپس ملنے کے بعد بقایا رقم کی وصولی کے لیے سزا یافتہ بینک مینجر رمیز جاوید کی دونوں گاڑیاں خاتون کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ رمیز جاوید سے دونوں گاڑیاں برآمد کرکے تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔سماعت کے دوران نابینا خاتون درخشاں مرزا روسٹرم پر آئیں اور دونوں معزز جج صاحبان کا شکریہ ادا کیا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ درخشاں مرزا کو پہلے ایک کروڑ 59 لاکھ روپے موصول ہو چکے تھے، جبکہ گزشتہ روز 28 لاکھ روپے اور 5 لاکھ 30 ہزار روپے کے دو مزید چیک بھی مل گئے ہیں۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ایک ہفتے کے اندر دونوں گاڑیاں بھی برآمد کرا دی جائیں گی۔

رمیز جاوید کروڑوں روپے کے مالی فراڈ کے مقدمے میں سزا یافتہ ہیں اور اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ ان پر درخشاں مرزا کی دو کروڑ روپے سے زائد رقم خردبرد کرنے کا الزام ثابت ہونے پر ٹرائل کورٹ نے پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف دائر اپیل بھی اسلام آباد ہائیکورٹ مسترد کر چکی ہے۔

مکمل رقم کی عدم وصولی پر درخشاں مرزا نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے ایف آئی اے سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 7 جولائی تک ملتوی کر دی۔