مسی ساگا(باباعرفان ملک سے) پاکستان اوور 60 کرکٹ ٹیم کی کینیڈا آمد کے موقع پر معروف کرکٹ پروموٹر اور لاہوری فلیم کے میزبان افتخار خان کی جانب سےمقامی ریسٹورنٹ میں ٹیم کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں مہمان کرکٹرز، کرکٹ پروموٹرز ، پاکستان ویٹرن اوور60کرکٹ کے چئیرمین فوادعجازخان،سابق پاکستانی کرکٹرسہیل تنویر،آئی ایم سی چئیرمین اسٹرلنگ ایچ ہیمن،سی سی ایم سی کے صدراکشے پانڈے،پاکستان ایمبسی سےقونصل سلمان محبوب سمیت کمیونٹی رہنماؤں احسن ضیا،محبوب شیخ،مرتضیٰ جوئیہ،ارشدبھٹی،محمدفیصل، سیدعمران احمد شاہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے کرکٹ سے اپنی وابستگی، کھیلوں کے فروغ اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان کمیونٹی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی مسی ساگا ایرن ملز سے رکنِ پارلیمنٹ اقرا خالد تھیں، جنہوں نے پاکستان اوور 60 کرکٹ ٹیم کو کینیڈا آمد پر خوش آمدید کہا اور کینیڈا میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی کیلئےاپنی مسلسل حمایت کا اظہار کیا۔
افتخار خان اور دیگر مقررین نے کینیڈا میں کرکٹ کے مستقبل، مختلف عمر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیل کے فروغ کیلئے آئندہ دنوں میں شروع کیے جانیوالے پروگراموں اور اقدامات پر گفتگو کی۔ اس موقع پر آئندہ ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان اوور 60 کرکٹ ٹیم کا دورہ صرف کھیلوں کے مقابلوں تک محدود نہیں بلکہ اس کے ذریعے مختلف کمیونٹیز کو ایک دوسرے کے قریب لانے، کرکٹ کے جذبے کو فروغ دینے اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
اس موقع پر افتخار خان اور لاہوری فلیم کی پوری ٹیم کی جانب سے پاکستان اوور 60 کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں یادگار تقریب کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کے شرکاء نے پاکستان اوور 60 کرکٹ ٹیم کے دورہ کینیڈا کے دوران کامیابی کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی اور اس دورے کے دوران کھیل کے ساتھ ساتھ پاک کینیڈا دوستی کو بھی مزید فروغ ملے گا۔

