اماراتی ایئرلائن کے کارگو طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

کراچی(نامہ نگار)اماراتی ایئرلائن کے ایک کارگو طیارے نے دورانِ پرواز انجن میں خرابی کے باعث کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے ذرائع کے مطابق کارگو طیارہ جاپان کے شہر اوساکا سے دبئی جا رہا تھا کہ دورانِ پرواز ایک انجن میں اچانک خرابی پیدا ہوگئی۔ اس پر کپتان نے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

ذرائع کے مطابق اے ٹی سی سے کلیئرنس ملنے کے بعد طیارے نے بحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے دورانِ پرواز متاثرہ انجن بند کر دیا تھا اور طیارہ ایک ہی انجن پر پرواز کرتے ہوئے صبح تقریباً پانچ بجے محفوظ طریقے سے کراچی پہنچا۔

پی اے اے حکام کے مطابق اماراتی ایئرلائن کا انجینئرنگ عملہ طیارے کے انجن کا تفصیلی معائنہ کر رہا ہے۔ انجینئرز کی رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کیا جائیگاکہ طیارہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہو سکے گا یا مزید مرمت درکار ہوگی۔

حکام نے بتایا کہ طیارہ کل دوپہر 12 بجے تک کراچی ایئرپورٹ کی پارکنگ میں موجود رہے گا، جبکہ عملے کو آرام کے لیے ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔ طیارے میں تجارتی کارگو سامان موجود ہے۔