تہران( بین الاقوامی میڈیا) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران کو پسماندگی، ذلت اور انحصار کے دور کی طرف واپس نہیں لے جا سکتے، جلد بحیرۂ عرب بھی دشمن قوتوں کی موجودگی سے پاک ہوجائیگا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے مقدس دفاع ہفتے اور حزب اللّٰہ کے سابق سربراہ سید حسن نصراللّٰہ کی دوسری برسی کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ ایران کیخلاف جنگ اور دیگر ذرائع سے اسے ماضی کی جانب دھکیلنے کی کوششیں ناکام ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایران کے جنوبی سمندری علاقے دشمن قوتوں کے لیے کھیل کا میدان بنے ہوئے تھے، تاہم آبنائے ہرمز کے محافظوں اور ایرانی جنگجوؤں کی کارروائیوں کے بعد دشمن قوتیں اب بحیرۂ عرب سے آگے بڑھنے کی جرات نہیں کرتیں۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ جب بھی دشمن قوتوں نے یہ خطرہ مول لیا، انہیں خود نقصان اٹھانا پڑا، اور وہ وقت دور نہیں جب بحیرۂ عرب بھی ان کی موجودگی سے پاک ہوجائے گا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ بعض لوگ ایران کو دنیا کی چوتھی بڑی طاقت قرار دیتے ہیں، تاہم ان کے بقول ایران اس سے بھی بڑی طاقت بنے گا۔انہوں نے کہا کہ ایران اس دور کی طرف واپس نہیں جائے گا جس کی واپسی دشمن چاہتا ہے، جبکہ موجودہ دور ترقی، عزت، خودمختاری اور عالمی سطح پر وقار کا دور ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے سید حسن نصراللّٰہ کو ’’عظیم عرب شخصیت‘‘ اور مزاحمتی محاذ کی بڑی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد اور تقریروں نے لبنانی عوام اور دیگر حامیوں کے حوصلے مضبوط کیے۔

