امریکا کی ایران پر ایک بار پھر بمباری، پاسدارانِ انقلاب کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

تہران( ایرانی میڈیا، امریکی سینٹکام)امریکا نے ایران میں مختلف اہداف پر ایک بار پھر فضائی حملے کیے ہیں، جبکہ امریکی فوج نے کارروائی مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق قشم جزیرے، اہواز، بندر عباس، سیستان و بلوچستان اور ہرمزگان میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق سیرک کے قریب ایک شادی کی تقریب پر امریکی حملے میں 4 افراد شہید اور 35 زخمی ہوئے، جبکہ جیرفت ایئرپورٹ اور خلیجِ فارس کے ساحل پر واقع اہم گیس مرکز عسلویہ میں بھی دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملوں کی مبینہ کوششوں کے جواب میں کی گئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو معاہدے کے لیے متعدد مواقع دیے گئے، تاہم تہران کے ساتھ معاہدہ ’’اس کاغذ کے بھی قابل نہیں جس پر لکھا گیا‘‘۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران نے جوابی کارروائی کی تو امریکا اس سے بھی بڑے حملے کرے گا۔

اس سے قبل قشم جزیرے کے ماسان گاؤں کے قریب پانچ سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں، جبکہ آبنائے ہرمز کی سمت سے مزید چار دھماکوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔