امریکیوں کی اکثریت ٹرمپ کے کینیڈا پر 50 فیصد محصولات اور جھیل اونٹاریو کا نام بدلنے کی مخالف

واشنگٹن( رائٹرز، ایپسوس)رائٹرز اور ایپسوس کے تین روزہ مشترکہ سروے میں امریکیوں کی اکثریت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کینیڈا سے متعلق سخت اقدامات کی مخالفت کردی۔سروے کے مطابق 57 فیصد امریکی کینیڈا سے درآمد ہونے والی اشیا پر 50 فیصد محصولات کے مخالف ہیں، جبکہ صرف 20 فیصد نے ان کی حمایت کی۔ تقریباً 21 فیصد افراد نے رائے دینے سے گریز کیا یا کہا کہ وہ فیصلہ نہیں کر سکے۔

اسی طرح 63 فیصد امریکیوں نے جھیل اونٹاریو کا نام تبدیل کرکے ’’جھیل امریکا‘‘ رکھنے کی مخالفت کی، جبکہ صرف 14 فیصد نے اس اقدام کی حمایت کی۔

سروے میں کینیڈا کے ساتھ تجارتی کشیدگی بڑھنے پر بھی امریکی عوام میں تشویش سامنے آئی ہے۔ امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی مذاکرات ناکام ہونے کے بعد صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کینیڈین مصنوعات پر محصولات میں اضافہ کیا تھا، جس کے جواب میں کینیڈا نے بھی جوابی محصولات کی تیاری شروع کردی ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی تجارتی کشیدگی سے اقتصادی تعلقات مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ جھیل اونٹاریو کا موجودہ نام 400 سال سے زائد عرصے سے رائج ہے۔