امریکی تجارتی دھمکیوں کے باعث گورڈی ہاؤ انٹرنیشنل برج کی مشترکہ افتتاحی تقریب منسوخ

اوٹاوا (سی بی سی نیوز) کینیڈا کی وفاقی حکومت نے امریکی تجارتی اقدامات کی حالیہ دھمکیوں کے پیشِ نظر گورڈی ہاؤ انٹرنیشنل برج کی کینیڈا اور امریکا کے درمیان مشترکہ افتتاحی تقریب منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وفاقی وزیرِ انفراسٹرکچر گریگور رابرٹسن کے دفتر کی ترجمان جینا غصابہ نے کہا کہ امریکا کی جانب سے رواں ہفتے دی گئی تجارتی دھمکیوں کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ جشن کی تقریب منعقد کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت 27 جولائی کو منصوبہ بندی کے مطابق گورڈی ہاؤ انٹرنیشنل برج کو باضابطہ طور پر کھولنے کے اپنے فیصلے پر قائم ہے۔بیان کے مطابق کینیڈا اس اہم منصوبے کی تکمیل کا جشن 24 جولائی کو صرف کینیڈین سطح پر منائے گا۔

گورڈی ہاؤ انٹرنیشنل برج کینیڈا کے شہر ونڈسر، اونٹاریو اور امریکی شہر ڈیٹرائٹ، مشی گن کو ملانے والا ایک اہم بین الاقوامی پل ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، نقل و حمل اور اقتصادی روابط کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔