واشنگٹن ( وائٹ ہاؤس / امریکی میڈیا)امریکا میں اعلیٰ سطح کے سائنسدانوں اور حکام کی پراسرار اموات اور گمشدگیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پر وائٹ ہاؤس نے فیڈرل بیورو آف انویسٹیگیشن (ایف بی آئی) سمیت متعلقہ اداروں کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیوٹ کے مطابق حکومت ان تمام واقعات کی مکمل حقیقت جاننے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ تعلق یا مشترکہ پہلو کی نشاندہی کیلئے کیسز کا مشترکہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک صحافی نے وائٹ ہاؤس بریفنگ کے دوران ان واقعات پر سوال اٹھایا، جس کے بعد باضابطہ تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق 2024 سے اب تک کئی اہم سائنسدان، جو خلائی، جوہری اور ایرو اسپیس پروگرامز سے وابستہ تھے، پراسرار حالات میں ہلاک یا لاپتا ہوئے ہیں، جن میں ریٹائرڈ ایئر فورس جنرل ولیم نیل سمیت دیگر ماہرین شامل ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ان واقعات کے بعد تشویش میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ بعض صارفین نے ممکنہ غیر ملکی مداخلت کے خدشات بھی ظاہر کیے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ یہ واقعات اتفاقی ہو سکتے ہیں، تاہم جلد ہی حقیقت سامنے آ جائے گی۔

