برامپٹن (اشرف خان لودھی سے)برامپٹن میں جاری آئی ایم سی اوور 60 کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم گروپ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، ساجد علی کو 38 رنز کی شاندار اننگز پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 45 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنا سکی۔ روس ہولنگ 27 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، پیٹر مارکس نے 16، ٹریور پول نے 14 اور کپتان اینڈریو لینڈ نے 11 رنز بنائے، جبکہ نکولس روڈز اور گیون میکالے نے 9،9 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے صغیر عباس اور محمد جعفر قریشی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، سید ظفر علی، منور جعفری اور شاہد احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ صغیر عباس نے 9 اوورز میں 23 رنز دے کر 2 وکٹیں جبکہ محمد جعفر قریشی نے 9 اوورز میں 28 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سید ظفر علی نے 18 رنز کے عوض ایک، منور جعفری نے 25 رنز دے کر ایک اور شاہد احمد نے 15 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے 134 رنز کا ہدف 33.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ساجد علی نے 70 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بناکر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ صغیر عباس نے 59 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے۔

راجہ ارشد حیات نے 39 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 23 رنز بنائے جبکہ وکٹ کیپر طاہر رشید 23 گیندوں پر 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ مظہر حسین نے 11 رنز اسکور کیے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے پال ڈی پلیسس نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ارشاد الحق اور پیٹر مارکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے آئی ایم سی اوور 60 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی، پاکستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ دوسرے گروپ کی پوزیشن کے مطابق انگلینڈ یا نیوزی لینڈ سے متوقع ہے۔

