اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نےاوٹاوا میں مقیم انجینئرنگ شعبے سے وابستہ پاکستانی نژاد ماہرین اور پاکستان کی جامعات برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے سابق طلبہ کے ساتھ تبادلۂ خیال میں شرکت کی۔

نشست میں لاہور، پشاور اور ٹیکسلا کی جامعات برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے سابق طلبہ سمیت مختلف انجینئرنگ ماہرین نے شرکت کی۔ رکن پارلیمنٹ اسلم رانا، جو جامعہ انجینئرنگ و ٹیکنالوجی لاہور کے سابق طالب علم ہیں، تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے کینیڈا کی سماجی و معاشی ترقی میں پاکستانی نژاد ماہرین کی نمایاں خدمات کو سراہا۔انہوں نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان انجینئرنگ اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر شرکا کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کیا۔

