ایرانی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں کی ناکہ بندی ختم، امریکی فوج کا اعلان

واشنگٹن(امریکی فوج، بین الاقوامی میڈیا)امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں پر عائد ناکہ بندی ختم کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے تمام کارروائیاں روک دی گئی ہیں۔

امریکی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ خلیج میں ایرانی بندرگاہوں پر آنے اور وہاں سے روانہ ہونے والے تجارتی اور دیگر جہازوں کی نقل و حرکت میں اب کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جا رہی، جبکہ ناکہ بندی سے متعلق تمام عملی اقدامات معطل کر دیے گئے ہیں۔

بیان کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے امریکی بحریہ کے جنگی جہاز بدستور خطے میں موجود رہیں گے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں گے۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ موجودہ اقدامات کا مقصد خطے میں استحکام برقرار رکھنا اور طے شدہ مفاہمتی عمل کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے، جبکہ بحری سرگرمیوں کی نگرانی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔