ایرانی فٹبال ٹیم کا لاس اینجلس کے لاکر روم میں چھوڑا جذباتی خط منظرِ عام پر آ گیا

لاس اینجلس(سوشل میڈیا رپورٹس، ورلڈ کپ انتظامیہ)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران ایران اور بیلجیئم کے درمیان میچ کے بعد ایرانی فٹبال ٹیم کی جانب سے لاکر روم میں چھوڑا گیا ہاتھ سے لکھا ہوا جذباتی خط منظرِ عام پر آ گیا ہے۔

لاس اینجلس کے صوفی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ مرحلے کے میچ میں ایران اور بیلجیئم کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، جس کے بعد دونوں ٹیموں نے میدان سے واپسی اختیار کی۔میچ کے اختتام پر ایرانی ٹیم نے لاکر روم میں ایک ہاتھ سے لکھا ہوا خط چھوڑا جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔

خط میں لکھا گیا تھا کہ قدیم فارس سے لے کر آج کے ایران تک ہماری شناخت، حوصلہ اور روح زندہ ہے۔ ٹیم نے لکھا کہ ہم فخر کے ساتھ آئے، وقار کے ساتھ کھیلے اور عزت کے ساتھ واپس جا رہے ہیں۔خط میں لاس اینجلس کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا گیا اور دنیا بھر میں موجود ایرانی شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے ٹیم کی بھرپور حمایت کی۔

ایرانی ٹیم نے اپنے پیغام میں عالمی امن کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ تمام اقوام کے درمیان امن، احترام اور دوستی قائم رہنی چاہیے۔میچ کے بعد یہ خط سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا اور شائقین کی جانب سے اس پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔