ایرانی پاسداران کے سینئر عہدیدار کی عرب ممالک کو امریکی فوجی انخلا کی دھمکی

تہران( تسنیم نیوز)ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سیاسی نائب جنرل یداللّٰہ جوانی نے عرب ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ملکوں سے امریکی افواج اور فوجی اڈے ختم کردیں، بصورتِ دیگر انہیں شدید فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جنرل یداللّٰہ جوانی نے کہا کہ عرب ممالک کے لیے بہتر ہے کہ وہ امریکی فوجیوں کو نکال کر ان کے فوجی اڈے واپس لے لیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ایرانی فوج نے ثابت کردیا ہے کہ ایران پر حملوں کے لیے استعمال ہونے والے کسی بھی اڈے یا مقام کے خلاف فیصلہ کن جوابی کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے بالخصوص کویت، بحرین اور اردن کا نام لیتے ہوئے خبردار کیا کہ ان ممالک میں موجود وہ مقامات جہاں سے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں کی جاتی ہیں، ایرانی جوابی حملوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔