ایران امریکا مذاکرات میں جنگ اور پابندیوں کے خاتمے پر توجہ رہی:اسماعیل بقائی

برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ( ایرانی وزارت خارجہ، عرب میڈیا)ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان اتوار کو ہونے والے مذاکرات میں بنیادی توجہ جنگ کے خاتمے، کشیدگی میں کمی اور پابندیوں میں نرمی جیسے اہم نکات پر مرکوز رہی۔

ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی کے معاملے پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی، جو تہران کے لیے ایک اہم معاشی اور سفارتی نکتہ ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ مفاہمتی یادداشت محض ایک ابتدائی قدم ہے، جبکہ اصل اور زیادہ پیچیدہ مرحلہ اس کے عملی نفاذ کا ہوگا۔

حکام کے مطابق اس معاہدے کا بنیادی مقصد خطے میں کشیدگی اور دشمنی میں کمی کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرنا تھا، تاہم اب اصل توجہ اس بات پر ہے کہ اس پر عملدرآمد کیسے ہوگا اور فریقین اپنی ذمہ داریاں کس حد تک پوری کرتے ہیں۔

ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان تفصیلی اور مسلسل مذاکرات جاری ہیں، جس کے باعث محتاط امید کی فضا برقرار ہے، تاہم حکام کے مطابق کسی بھی معاہدے کی کامیابی کا اصل پیمانہ اس کے عملی نفاذ اور زمینی نتائج ہوں گے۔