ایران نے 10 کھلاڑیوں پر مشتمل بیلجیم کو ورلڈ کپ میں ڈرا پر روک دیا

لاس اینجلس( بین الاقوامی اسپورٹس میڈیا، فیفا رپورٹنگ)فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ جی کے ایک سنسنی خیز میچ میں ایران نے بیلجیم کو بغیر کسی گول کے برابر کھیل کر نہ صرف اپ سیٹ سے بچاؤ کیا بلکہ گروپ کی صورتحال کو بھی مکمل طور پر کھلا چھوڑ دیا۔

میچ میں بیلجیم کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا، تاہم ایران نے منظم دفاع اور شاندار گول کیپنگ کی بدولت حریف ٹیم کو گول کرنے سے روک دیا۔ایران کے کپتان مهدی طارمی نے ایک موقع پر گول اسکور کیا تھا، تاہم ریفری نے آف سائیڈ قرار دے کر اسے مسترد کر دیا۔

میچ کا اہم ترین کردار ایران کے گول کیپر علیرضا بیرانوند رہے جنہوں نے متعدد شاندار سیو کیے، خاص طور پر قریبی فاصلے سے ہونے والے خطرناک شاٹ کو روک کر اپنی ٹیم کو بچایا۔

بیلجیم کی مشکلات اس وقت بڑھ گئیں جب ان کے کھلاڑی ناتھن نگوئی کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، جس کے بعد وہ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے رہے۔

دوسری جانب ایران نے بھی آخر میں گول کرنے کے مواقع پیدا کیے، تاہم دونوں ٹیمیں فیصلہ کن گول کرنے میں ناکام رہیں اور میچ صفر، صفر سے برابر ختم ہوا۔اس نتیجے کے بعد گروپ جی میں مقابلہ مزید دلچسپ ہوگیا ہے، جہاں اب ہر ٹیم کے لیے اگلے مرحلے میں رسائی کا امکان برقرار ہے۔