تہران( ایران فٹبال فیڈریشن، وائٹ ہاؤس فیفا ٹاسک فورس)ایران فٹبال فیڈریشن نے ورلڈ کپ منتظمین کی جانب سے اپنی ٹیم پر عائد سفری پابندیوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے فیفا میں باضابطہ شکایت درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔
ایران فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ منتظمین کی جانب سے عائد کردہ سفری پابندیوں کے باعث قومی ٹیم کی تیاریوں کا شیڈول شدید متاثر ہو رہا ہے، جو مقابلوں کی منصفانہ فضا کے منافی ہے۔
فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق منتظمین سے درخواست کی گئی تھی کہ ایران کی ٹیم کو بیلجیئم کے خلاف اتوار کو شیڈول میچ سے دو روز قبل لاس اینجلس پہنچنے کی اجازت دی جائے تاکہ کھلاڑی مناسب تیاری کر سکیں، تاہم یہ درخواست مسترد کر دی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ ٹیم کے تربیتی پروگرام اور تکنیکی ضروریات سے متعلق تمام تفصیلات پہلے ہی فراہم کر دی گئی تھیں، اس کے باوجود ایک بار پھر ایرانی ٹیم کو غیر معمولی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس فیفا ٹاسک فورس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینڈریو جیولیانی نے کہا ہے کہ ایران کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا کہ ٹیم کو میچ سے صرف ایک روز قبل امریکا آنے کی اجازت ہوگی اور مقابلے کے اختتام پر اسی شام واپس روانہ ہونا ہوگا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلنے کے بعد ایرانی ٹیم کو بھی اسی رات لاس اینجلس چھوڑنا پڑا تھا، جبکہ ورلڈ کپ میں ایران کے آئندہ دونوں میچ بیلجیئم اور مصر کے خلاف بھی امریکا میں ہی شیڈول ہیں۔

