ایران کو پابندیوں میں ریلیف اور منجمد اثاثوں کی پیشکش نہیں کی:ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(ایکسِیوس، اے پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو پابندیوں میں ریلیف دینے اور منجمد اثاثے بحال کرنے کی پیشکش کی تردید کردی۔

ٹرمپ نے امریکی خبر رساں ادارے ایکسِیوس کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایران کو کچھ بھی پیشکش نہیں کی۔ انہوں نے ایکسِیوس سے اپنی خبر واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

اس سے قبل ایکسِیوس نے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ایران کی جانب سے جوہری پروگرام سے متعلق ٹھوس اقدامات کی صورت میں ٹرمپ انتظامیہ تہران کو پابندیوں میں ریلیف دینے اور منجمد ایرانی اثاثے جاری کرنے پر آمادہ ہوسکتی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بھی ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ٹرمپ ایران کو جوہری معاملے پر ٹھوس پیش رفت کے بدلے پابندیوں میں ریلیف اور منجمد اثاثے جاری کرنے پر آمادہ ہیں، تاہم جوہری معاملات حل کیے بغیر کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق قطری ثالث نے ایران کی تجاویز امریکی حکام تک پہنچائی ہیں۔ رائٹرز کے مطابق قطری ثالثوں کی ایرانی اور امریکی حکام سے الگ الگ ملاقاتیں متوقع ہیں، جبکہ مذاکرات میں ایران کی سات روزہ تجویز پر بات چیت ہونے کا امکان ہے۔

ایران کی تجویز میں آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے بدلے ایرانی اثاثے منجمد کرنے کا خاتمہ، تیل پر پابندیوں میں نرمی اور امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے جیسے مطالبات شامل ہیں۔