ایران کی امریکا سے معاہدے پر عملدرآمد کیلئے کسی بھی اجلاس کی خبروں کی تردید

تہران(ایرانی سرکاری ٹی وی، خبر ایجنسی)ایران نے امریکا کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد کیلئےآئندہ چند روز میں کسی بھی اجلاس کے انعقاد سے متعلق خبروں کی تردید کر دی ہے۔ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں ہفتے امریکا کے ساتھ ورکنگ گروپس کے تکنیکی اجلاس کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورکنگ گروپس کے تکنیکی مذاکرات کا پہلا دور تمام ضروری شرائط پوری ہونے کے بعد ہوگا، جبکہ مذاکرات کی تاریخ اور مقام پر اتفاق رائے ہونے کے بعد ہی اجلاس منعقد کیا جائیگا۔ ان کے مطابق مذاکرات کے انعقاد کیلئے ثالث ممالک کے ذریعے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب ایک خبر ایجنسی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی اور امریکی تکنیکی ٹیمیں مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کیلئے آئندہ چند روز میں دوحہ میں ملاقات کریں گی۔ذرائع کے مطابق کشیدگی کم رکھنے اور کسی بھی ممکنہ واقعے سے نمٹنے کیلئےخصوصی رابطہ ذرائع بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد سے متعلق تکنیکی مذاکرات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔