ایف آئی ایچ کی پاکستان سے تحریری معذرت، غلط پرچم کی نمائش پر افسوس کا اظہار

لندن(ایف آئی ایچ پرو لیگ انتظامیہ، پاکستان ہاکی فیڈریشن)ایف آئی ایچ پرو لیگ انتظامیہ نے پاکستان کے قومی پرچم کی غلط نمائش پر پاکستان سے باضابطہ تحریری معذرت کرلی ہے۔

ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کی ڈائریکٹر ہیلری اٹکنسن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کے نام خط میں لندن میں ہونے والے پاک بھارت میچ سے قبل پیش آنے والے واقعے پر غیر مشروط معذرت کی ہے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پاکستان کا پرچم غلط انداز میں پیش کیا گیا اور اس میں سفید حصہ شامل نہیں تھا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ملک کا قومی پرچم اس کی شناخت اور وقار کی علامت ہوتا ہے، اور اس غلطی سے پاکستان ٹیم، اس کے حامیوں اور عوام کے جذبات مجروح ہوئے، جس پر ادارے کو گہرا افسوس ہے۔

ہیلری اٹکنسن نے خط میں اس واقعے کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتظامی غلطی تھی اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے تمام طریقہ کار کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ مستقبل میں کسی بھی ٹیم کے قومی تشخص اور وقار کے حوالے سے ایسی کوتاہی دوبارہ نہیں ہونے دی جائے گی۔

ایف آئی ایچ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور قومی ٹیم کی پرو لیگ میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ٹیموں کے ساتھ احترام اور پیشہ ورانہ رویہ برقرار رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے۔