ایلیمنیٹر 1: حیدرآباد کنگز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر پی ایس ایل 11 سے آؤٹ کردیا

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے ایلیمنیٹر 1 میں حیدرآباد کنگز نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا، جبکہ فاتح ٹیم ایلیمنیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا سامنا کرے گی۔قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ یکطرفہ ثابت ہوا جہاں حیدرآباد کنگز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ملتان سلطانز کو 159 رنز تک محدود رکھا اور پھر ہدف 16ویں اوور میں آسانی سے حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں معاذ صداقت نے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، جبکہ عثمان خان نے 64 رنز بنائے۔ مارنس لبوشین نے 11 رنز اسکور کیے جبکہ صائم ایوب 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد اسماعیل اور اسٹیو اسمتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، شان مسعود 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمد نواز نے 18 رنز اسکور کیے۔ صاحبزادہ فرحان نے 15 اور اسٹیو اسمتھ نے 13 رنز بنائے۔حیدرآباد کنگز کی جانب سے محمد علی، عاکف جاوید اور حنین شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ گلین میکسویل اور صائم ایوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹاس کے موقع پر حیدرآباد کنگز کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا کہ کوشش ہوگی حریف ٹیم کو کم اسکور تک محدود رکھا جائے، جبکہ ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے اور ٹیم 200 سے زائد اسکور بنانے کی کوشش کرے گی۔واضح رہے کہ ایلیمنیٹر 2 میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم فائنل میں پشاور زلمی کا سامنا کرے گی۔