ایمسٹلوین (نمائندہ خصوصی) ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان اور ویلز کے درمیان پول ڈی کا میچ 3-3 گول سے برابر ہوگیا۔ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے تیسرے منٹ میں عبدالرحمان کے فیلڈ گول کی بدولت برتری حاصل کی، جو پہلے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔
دوسرے کوارٹر میں ویلز نے 25ویں منٹ میں گیریتھ فرلانگ کے پنالٹی کارنر کے ذریعے گول کرکے مقابلہ برابر کیا، جبکہ 31 سیکنڈ بعد رائس بریڈشا نے دوسرا گول کرکے ویلز کو 2-1 کی برتری دلادی۔
تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔ چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے 49ویں منٹ میں سفیان خان کے پنالٹی کارنر پر گول سے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا، جبکہ 51ویں منٹ میں حنان شاہد نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کو 3-2 کی برتری دلادی۔
تاہم ویلز نے 53ویں منٹ میں گیریتھ فرلانگ کے دوسرے گول کے ذریعے مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا۔ آخری لمحات میں پاکستان نے فیصلہ کن گول کے لیے کئی حملے کیے، لیکن ویلز نے دفاع کرتے ہوئے میچ برابر رکھا۔
پاکستان کا یہ ٹورنامنٹ میں دوسرا میچ تھا۔ پہلے میچ میں اسے انگلینڈ نے 4-1 سے شکست دی تھی، جبکہ ویلز نے بھی اپنے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 3-1 سے شکست کھائی تھی۔پاکستان اپنا پول ڈی کا آخری میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 19 اگست کو کھیلے گا۔

