ایم پی سلمیٰ زاہد کے گھر آتش زنی: ایک شخص گرفتار، دوسرے ملزم کی تلاش

ٹورنٹو: (نمائندہ خصوصی+پولیس رپورٹ) ٹورنٹو پولیس نے رکنِ پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد کے گھر کے باہر 27 اگست کو پیش آنے والے آتش زنی کے واقعے کی تحقیقات کے دوران ایک شخص کو گرفتار کرکے اس کیخلاف مختلف الزامات عائد کردیئے، جبکہ پولیس دوسرے مشتبہ ملزم کی تلاش کر رہی ہے۔

پولیس کے مطابق 27 اگست 2026 کو رات تقریباً ایک بج کر 21 منٹ پر بیلامی روڈ نارتھ اور لارنس ایونیو ایسٹ کے علاقے میں ایک رہائش گاہ کے ڈرائیو وے میں کھڑی گاڑیوں میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔

تحقیقات کے مطابق ایک نامعلوم شخص رہائش گاہ کے ڈرائیو وے میں کھڑی متعدد گاڑیوں کے قریب پہنچا، گاڑیوں پر آتش گیر مواد ڈالا اور دو گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں جل گئیں جبکہ تیسری گاڑی بھی آگ سے متاثر ہوئی۔ ملزم واقعے کے بعد ایک گاڑی میں فرار ہوگیا۔

پولیس نے 30 اگست کو 24 سالہ روشون کرافٹن (Roshvin Crofton) کو گرفتار کیا۔ اس کیخلاف املاک کو نقصان پہنچانے کیلئے آتش زنی، 5 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کے نقصان پر شرارت، قابلِ فردِ جرم جرم کی سازش، آتش گیر مواد رکھنے اور پروبیشن آرڈر کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔پولیس نے ملزم اور قبضے میں لی گئی مشتبہ گاڑی کی تصاویر بھی جاری کردی ہیں۔

ایم پی سلمیٰ زاہد نے اپنے گھر کے باہر آتش زنی کے واقعے کے سلسلے میں گرفتاری اور الزامات عائد کیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹورنٹو پولیس سروس کی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس کیس کی تحقیقات میں ٹورنٹو پولیس کی جانب سے کی جانے والی محنت کو سراہتی ہیں اور جاری تحقیقات میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گی۔

سلمیٰ زاہد نے کہا کہ تحقیقات جاری ہونے کے باعث واقعے کے محرکات کے بارے میں ابھی کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ ان کے بقول انہیں یقین ہے کہ وقت کے ساتھ اس واقعے کی وجہ واضح ہوجائے گی، تاہم وہ مزید تبصرہ کرنے سے قبل حقائق سامنے آنے کا انتظار کریں گی۔

انہوں نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران نیک خواہشات اور حمایت کا اظہار کرنے والے عوام کے تمام افراد کا بھی شکریہ ادا کیا۔سلمیٰ زاہد نے کہا کہ اپنے ساتھیوں کی حمایت اور سیکیورٹی ماہرین کی رہنمائی کے ساتھ وہ اسکاربورو سینٹر۔ڈان ویلی ایسٹ کے عوام کی نمائندگی کا کام جاری رکھیں گی اور رواں ماہ کے آخر میں ایوانِ نمائندگان کا اجلاس دوبارہ شروع ہونے پر اوٹاوا واپس جانے کی منتظر ہیں۔

ٹورنٹو پولیس کے مطابق واقعے میں ایک دوسرا مشتبہ شخص بھی ملوث ہوسکتا ہے جس کی شناخت کیلئے شہریوں سے مدد طلب کی گئی ہے۔

تفتیش کار 2025 ماڈل کی سیاہ ہنڈائی سوناٹا کے بارے میں بھی معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ 23 اگست سے 27 اگست کو آتش زنی کے واقعے تک یہ گاڑی کہاں موجود تھی۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ واقعے، دوسرے مشتبہ شخص کی شناخت یا مذکورہ گاڑی کو اس عرصے کے دوران دیکھنے کے حوالے سے کسی بھی معلومات کی صورت میں4300-808-416 پر رابطہ کریں۔

معلومات گمنام طور پر کرائم اسٹاپرز کو TIPS 416-222-8477 پر یا آن لائن بھی فراہم کی جاسکتی ہیں۔

روشون کرافٹن کو 8 ستمبر 2026 کو صبح ساڑھے 9 بجے ٹورنٹو ریجنل بیل سینٹر، 2201 فنچ ایونیو ویسٹ کے کمرہ نمبر 401 میں عدالت میں پیش کیا جائیگا۔