ایم کیو ایم کی زبان ناقابل برداشت ہے:شرجیل میمن

کراچی (نامہ نگار) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم قیادت جو زبان استعمال کر رہی ہے وہ ناقابل برداشت ہے، حکومت کو مصنوعی کہنے والی ایم کیو ایم پہلے اپنا مینڈیٹ ثابت کرے۔

کراچی میں ایم کیو ایم قیادت کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم فساد اور فتنے کو ہوا دے کر نفرت کے بیج بونا چاہتی ہے، ان کی یہ سازش ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم افراتفری اور 90ء کی دہائی کی سیاست چاہتی ہے، بھتا خوری، بوری بند لاشیں، اغوا برائے تاوان اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ایم کیو ایم نے دی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ اسمبلی صوبوں سے متعلق اپنا فیصلہ قرارداد کے ذریعے دے چکی ہے، ایم کیو ایم کے پاس اکثریت ہوتی تو بلدیاتی انتخابات سے فرار نہ ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم والے جب مینڈیٹ کی بات کرتے ہیں تو لوگوں کو ہنسی آجاتی ہے، ان کی اصلی اکثریت کا سب کو علم ہے۔