این سی سی آئی اے نے نورین نیازی کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا

اسلام آباد (اے پی پی) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی کی ہمشیرہ نورین نیازی کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔نوٹس کے مطابق نورین نیازی کو 20 جولائی کو دوپہر 12 بجے این سی سی آئی اے کے اسلام آباد دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے اور تضحیک آمیز بیانات کی تشہیر کی گئی، جس کے حوالے سے ان سے وضاحت اور تفتیش درکار ہے۔

این سی سی آئی اے نے نوٹس میں مزید کہا ہے کہ اگر نورین نیازی مقررہ وقت پر پیش نہ ہوئیں تو یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے کے لیے کچھ نہیں، جس کے بعد قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔