ایٹلانٹا:اسپین نے سعودی عرب کو چار گول سے شکست دیدی

ایٹلانٹا(فیفا، بین الاقوامی اسپورٹس میڈیا)فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ ایچ کے اہم میچ میں اسپین نے سعودی عرب کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کرلی۔ اسپین کی جانب سے میکل اویارزابال نے دو گول اسکور کرکے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ایٹلانٹا میں کھیلے گئے میچ میں اسپین نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ دسویں منٹ میں نوجوان اسٹار لامین یامال نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

چند منٹ بعد پہلے گول میں معاونت کرنے والے میکل اویارزابال نے گیند کو جال میں پہنچا کر اسپین کی برتری دوگنی کر دی۔ بعد ازاں انہوں نے دانی اولمو کے شاندار پاس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول بھی اسکور کیا۔

پہلے ہاف کے اختتام پر اسپین کو تین صفر کی واضح برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں سعودی عرب کے مدافع حسن الطمبکتی سے غلطی ہوئی اور گیند ان کے اپنے ہی گول میں چلی گئی، جس کے نتیجے میں اسپین کا اسکور چار صفر ہوگیا۔

میچ کے آخری لمحات میں اسپین نے ایک اور گول بھی کیا، تاہم ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی جانچ کے بعد اسے آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔یوں اسپین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سعودی عرب کو چار صفر سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں ایک اور اہم کامیابی اپنے نام کرلی۔