ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ مہنگی، ادارۂ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ جاری

اسلام آباد (جنرل رپورٹر)وفاقی ادارۂ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 8 اشیاء سستی جبکہ 21 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے آلو 3.94 فیصد اور چکن 3.70 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ پیاز کی قیمت میں 3.54 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 1.61 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارۂ شماریات کے مطابق اس عرصے میں انڈے، گائے کے گوشت (بیف) اور تازہ دودھ سمیت دیگر کئی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 23.30 فیصد سستے ہوئے، جبکہ دال مونگ 2.15 فیصد اور دال مسور 0.52 فیصد سستی ہوئی۔وفاقی ادارۂ شماریات کے مطابق اسی دوران پیٹرول، ڈیزل، ایل پی جی اور چینی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔