بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے حکم پر نظرِثانی پٹیشن کی جلد سماعت کی درخواست

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) چیف کمشنر اسلام آباد نے سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم کے خلاف حکومت کی جانب سے نئی درخواست دائر کردی، جس میں بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی سے متعلق نظرِثانی پٹیشن کی جلد سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا 18 اگست کا حکم وقت کی پابندی سے متعلق تھا، اس لیے نظرِثانی درخواست کی فوری سماعت ضروری ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے فیصلے میں قانونی سقم موجود ہیں، جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد کو فریق بنائے اور نوٹس جاری کیے بغیر فیصلہ سنایا گیا۔

حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کو میڈیکل رپورٹ پر تکنیکی ماہرین کی رائے لیے بغیر براہِ راست فیصلہ نہیں دینا چاہیے تھا۔ درخواست میں بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے اور علاج کے لیے میڈیکل پینل تشکیل دینے سے متعلق احکامات کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔

ریویو پٹیشن میں 27ویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتی دائرہ اختیار، آئین کے آرٹیکل 175(2) اور جیل قوانین سے متعلق قانونی سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ معاملہ صرف طبی سہولیات کا نہیں بلکہ قانونی اور آئینی دائرہ اختیار سے بھی متعلق ہے۔