برامپٹن سپر لیگ کرکٹ میں پاکستانی، بھارتی اور بنگلہ دیشی کمیونٹیز کی بھرپور شرکت

برامپٹن (اشرف خان لودھی سے) برامپٹن سپر لیگ کرکٹ کے تحت شاندار کرکٹ مقابلوں کا انعقاد ہوا، جس میں پاکستانی، بھارتی اور بنگلہ دیشی کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

برامپٹن سپر لیگ کرکٹ کے منتظم محمد شعیب نے پاکستانی، بھارتی اور بنگلہ دیشی کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور کینیڈا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

برامپٹن سپر لیگ کے شاندار انعقاد پر ناصر شاہ، صفدر حسین، چوہدری جاوید گجر، خالد رشید اور عائشہ ندیم نے لیگ کے روحِ رواں محمد شعیب کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مختلف کمیونٹیز کے درمیان رابطے بڑھانے کے لیے پل کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

تقریب میں مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک ہی چھت تلے مل جل کر کرکٹ سے لطف اندوز ہوتے دیکھا گیا۔ بزرگوں، کمیونٹی رہنماؤں، خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں شائقین نے گراؤنڈ میں موجود رہ کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

اس موقع پر شائقین نے کرکٹ کے دلچسپ مقابلوں سے لطف اٹھایا، جبکہ گراؤنڈ میں خوش گپیوں، کھانے اور باہمی میل جول کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ کرکٹ سرگرمی کے انعقاد میں کھانے اور میزبانی کے حوالے سے چائے پراٹھا، بابا پیزا اور پان ہٹ کی جانب سے بھی خصوصی تعاون حاصل تھا۔

شرکا نے کہا کہ برامپٹن سپر لیگ کرکٹ مختلف ثقافتوں اور کمیونٹیز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا ذریعہ بن رہی ہے، جہاں پاکستانی، بھارتی اور بنگلہ دیشی کمیونٹیز کے افراد کھیل کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں۔

اس موقع پر ممتاز صحافی اشرف خان لودھی اور کمیونٹی رہنما بابا عرفان ملک نے بھی برامپٹن سپر لیگ کرکٹ میں شرکت کی اور میچز سے لطف اندوز ہوئے۔بابا عرفان ملک نے برامپٹن سپر لیگ کرکٹ کی انتظامیہ، کھلاڑیوں، شائقین اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کی جانب سے کرکٹ سرگرمیوں میں بھرپور شرکت خوش آئند ہے۔