براڈ پیک حادثے میں‌جاں‌بحق پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی میت اسکردو منتقل

اسکردو (اے پی)براڈ پیک پر برفانی تودے کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی میت اسکردو منتقل کردی گئی ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سہیل سخی کی میت مقامی رضاکاروں نے براڈ پیک سے تلاش کرکے بیس کیمپ تک پہنچائی تھی، جس کے بعد موسم کی صورتحال بہتر ہونے پر اسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کرنے کا انتظام کیا گیا۔

30 جولائی کو براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے ایک بین الاقوامی مہم میں شامل 10 کوہ پیما لاپتا ہوگئے تھے، جن میں پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی بھی شامل تھے۔ حادثے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رہا۔

سہیل سخی ہنزہ سے تعلق رکھتے تھے اور رواں سال مئی میں دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کینچن جونگا بھی سر کرچکے تھے۔واضح رہے کہ براڈ پیک سانحے میں دیگر کوہ پیماؤں کی لاشیں بھی تلاش کرکے منتقل کی جا چکی ہیں، جبکہ حادثے کو پاکستان میں حالیہ برسوں کے المناک کوہ پیمائی حادثات میں شمار کیا جا رہا ہے۔