برسٹل:انگلینڈ نے بھارت کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست دے دی

برسٹل(سپورٹس ڈیسک)کپتان ہیری بروک کی 35 گیندوں پر 79 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت انگلینڈ نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ بھارتی کپتان شری یاس ایئر نے 49 گیندوں پر 80 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، جبکہ شیوام دوبے نے 22 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور جوش ٹنگ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 13.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

ابتدائی نقصان کے بعد فل سالٹ اور کپتان ہیری بروک نے دوسری وکٹ کی ناقابلِ شکست 146 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو آسان فتح دلائی۔ہیری بروک نے 35 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 79 رنز بنائے، جبکہ فل سالٹ نے بھی ناقابلِ شکست 59 رنز کی اننگز کھیل کر انگلینڈ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔