برطانیہ:امریکی فضائیہ کے زیر استعمال ایئربیس کے قریب سے گرفتار 5 افراد ضمانت پر رہا

لندن(رائٹرز) برطانیہ میں امریکی فضائیہ کے زیر استعمال رائل ایئر فورس فیئر فورڈ اڈے کے قریب دہشتگردی اور دھماکا خیز مواد سے متعلق الزامات میں گرفتار 5 افراد کو پولیس نے ضمانت پر رہا کردیا۔

انسداد دہشتگردی پولیس کے سربراہ لارنس ٹیلر نے کہا ہے کہ پانچوں افراد برطانوی شہری ہیں، جن کی عمریں 23 سے 25 سال کے درمیان ہیں اور ان کا تعلق لندن سے ہے۔ انہیں ابتدائی طور پر دھماکا خیز مواد سے متعلق قانون کے تحت جرائم کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا، بعد ازاں دہشتگرد کارروائی کی تیاری کے شبے میں بھی گرفتار کیا گیا۔

لارنس ٹیلر نے واضح کیا کہ ملزمان کی رہائی کا مطلب یہ نہیں کہ تحقیقات ختم ہوگئی ہیں۔ پانچوں افراد بدستور زیر تفتیش رہیں گے اور ان کی نقل و حرکت اور دوسرے افراد سے رابطے پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

برطانوی پولیس کے مطابق حکام واقعے کے ہر ممکن پہلو سے تحقیقات کررہے ہیں، جس میں یہ امکان بھی شامل ہے کہ مشتبہ کارروائی کسی غیر ملکی ریاست کیلئے کام کرنیوالے افراد یا ان کے معاونین نے کی ہو۔

یہ معاملہ اتوار کی صبح اس وقت سامنے آیا جب مقامی خاتون نے ایئربیس کے قریب 3 سفید گاڑیوں اور نقاب پوش افراد کی موجودگی کی اطلاع دی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کیا جبکہ واقعے کے بعد قریب واقع علاقے کے تقریباً 85 گھروں کو خالی کرا لیا گیا تھا۔

پولیس نے تینوں مشتبہ گاڑیوں کی فوجی ماہرین اور فرانزک ماہرین کی معاونت سے تفصیلی تلاشی اور معائنہ کیا ہے۔ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری بدستور موجود ہے، جبکہ گاڑیوں کے گرد حفاظتی حصار قائم ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پانچوں افراد کی ضمانت پر رہائی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ برطانیہ کے فیصلے کی جگہ ہوتے تو انہیں رہا نہ کرتے۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ یہ واقعہ ایران سے منسلک ہوسکتا ہے، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں دیں۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی کہا کہ برطانیہ میں پیش آنے والے واقعے میں ایک غیر ملکی فریق کا ہاتھ واضح طور پر نظر آتا ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی ثبوت یا مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

دوسری جانب لندن میں ایرانی سفارتخانے نے واقعے میں ایران کے ملوث ہونے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ایرانی سفارتخانے کے مطابق ایسے دعوے برطانیہ میں ایران مخالف پروپیگنڈے کو ہوا دینے کے سوا کوئی مقصد پورا نہیں کرتے۔ برطانوی پولیس نے بھی اب تک ایران کو اس واقعے سے براہ راست منسلک نہیں کیا۔

رائل ایئر فورس فیئر فورڈ برطانیہ میں امریکی فضائیہ کا اہم اڈہ ہے جہاں سے امریکی طیارے حالیہ عرصے میں ایران کے خلاف کارروائیوں کیلئے بھی استعمال ہوئے ہیں۔ ایران کے پاسداران انقلاب نے جولائی میں خبردار کیا تھا کہ ایران کیخلاف کارروائی کیلئےاستعمال ہونیوالے اڈے اس کی افواج کیلئےجائز ہدف ہونگے۔

واقعے کے بعد فیئر فورڈ کے گرد فضائی حدود میں بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور تقریباً 8 کلومیٹر کے علاقے میں بغیر اجازت پرواز پر پابندی ہے، جبکہ قریبی علاقے سے انخلا کرائے گئے 85 گھروں کے مکینوں کو واپس گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔