بشکیک میں وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات

بشکیک (اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے جون میں صدر مسعود پزشکیان کے دورۂ پاکستان کے دوران ہونے والے فیصلوں اور مفاہمتوں پر عملدرآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا، جبکہ علاقائی روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ کی کوششوں کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورۂ تہران اور ان کے تعمیری روابط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مثبت نتائج کی امید ہے۔

وزیراعظم نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے تحمل اور مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت حاصل ہونے والی مفاہمت کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، کیونکہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے یہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ ایرانی صدر نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تہران کی بھرپور خواہش کا اعادہ کیا اور امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں پاکستانی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔