راولپنڈی(آئی ایس پی آر، اے پی پی، خبر ایجنسیاں)بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر دو الگ الگ کارروائیوں میں 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے، جبکہ دہشت گردوں کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 اور 6 اگست کو کی جانے والی یہ کارروائیاں ’’ردالفتنہ 3‘‘ کے تحت جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا حصہ تھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اگست کو ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق 6 اگست کو ضلع مستونگ میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں مزید 6 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے، جبکہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

