بنگلادیش کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کیلئے 4 نئے کھلاڑی ٹیم میں شامل

قومی ٹیم کا کیمپ یکم مئی کو اختتام پذیر ہوگا اور ٹیم 2 مئی کو بنگلادیش کیلئےروانہ ہوگی، سرفراز احمد ہیڈ کوچ اسد شفیق اور عمر گل بالترتیب بیٹنگ اور بولنگ کوچ مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کے ساتھ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ 4 نئے کھلاڑیوں کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ سکواڈ میں شامل 5 کھلاڑی لاہور میں جاری این سی اے ریڈ بال کیمپ میں شریک ہیں، قومی ٹیسٹ سکواڈ 27 اپریل کو کراچی میں کیمپ جوائن کرے گا جبکہ پی ایس ایل میں شریک کھلاڑی اپنی ٹیموں کے میچز مکمل ہونے کے بعد کیمپ جوائن کریں گے۔ قومی ٹیم کا کیمپ یکم مئی کو اختتام پذیر ہوگا اور ٹیم 2 مئی کو بنگلادیش کے لیے روانہ ہوگی۔ سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کو بنگلادیش ٹور کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز اسد شفیق اور عمر گل بیٹنگ اور بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

قومی سکواڈمیں شان مسعود (کپتان)، عبداللہ فضل،عماد بٹ، اذان اویس، بابر اعظم، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد رضوان، محمد غازی غوری، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی بھی سکواڈ میں شامل ہیں۔ پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 8 مئی سے شیر بنگلا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ میں ہوگا اور یہ دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔